پاک افغان مذاکرات ناکام، طالبان کے رویے پر ثالث بھی مایوس

10:01 AM, 8 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں جاری مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اور طالبان کے رویے کی وجہ سے ثالث ممالک بھی مایوس ہو گئے ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق پاکستانی وفد خالی ہاتھ واپس آیا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ثالث ممالک کو بھی افغان قیادت سے کوئی امید باقی نہیں رہی۔ وزیر دفاع نے ترکی اور قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے خلوص نیت کے ساتھ ثالثی کی اور پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔

انہوں نے بتایا کہ افغان وفد محض زبانی یقین دہانیوں پر اصرار کرتا رہا، جبکہ پاکستان نے تحریری معاہدے پر زور دیا، جسے طالبان نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اگر افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی تو اس کا مؤثر اور سخت جواب دیا جائے گا، تاہم جب تک افغانستان کی جانب سے سیزفائر برقرار ہے، پاکستان امن کی پالیسی پر قائم رہے گا۔

واضح رہے کہ استنبول میں پاک افغان مذاکرات کا تیسرا مرحلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

مزیدخبریں