27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا:وزیر قانون

11:26 AM, 8 Nov, 2025

اسلام آباد : وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ  نے اعلان کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

وزیر قانون کے مطابق  ترمیم کے بل کو سینیٹ کے بعد متعلقہ کمیٹی کے سامنے بھی رکھا جائے گا تاکہ اس پر مزید قانونی اور تکنیکی جائزہ لیا جا سکے۔

یہ ترمیم حکومت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور شفافیت کو بڑھانے کے لیے پیش کی جا رہی ہے، اور قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کا مقصد رکھتی ہے۔

 وزیراعظم نے باکو سے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں وفاقی حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کو سینیٹ میں پیش کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بل کی شقوں پر سیر حاصل گفتگو ہو سکے اور اس مقصد کے لیے پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ سمیت دیگر اتحادیوں سے مشاورت بھی کی گئی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق رائے حاصل ہو چکا ہے اور آئندہ پارلیمنٹ بل کے ذریعے اس کی منظوری دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے دنوں ججز کے ٹرانسفر پر کافی بحث ہوئی اور اب یہ تجویز ہے کہ ججز کے ٹرانسفر کا اختیار جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے سپرد کیا جائے، جس میں دونوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس بھی شامل ہوں گے۔

وزیر قانون نے یہ بھی کہا کہ آئینی ترمیم کے تحت ہر تین سال بعد سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کی ضرورت ہوگی، اور آئندہ پورے ملک سے سینیٹ کے اراکین ایک ہی بار منتخب ہوں گے۔

مزیدخبریں