باکو:آذربائیجان میں یوم فتح کی تقریب میں شرکت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط تعلقات اور دوستی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی طرف سے آذربائیجان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان تین برادر ممالک ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور یہ ممالک اپنی دوستی اور یکجہتی کا بارہا ثبوت دے چکے ہیں۔ آذربائیجان کی بہادر افواج نے عزم اور بلند حوصلے سے کامیابی حاصل کی، اور آزادی کی جدوجہد میں عزم اور حوصلہ ضروری ہے۔
شہباز شریف نے پاکستانی افواج کی کامیابیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے سات بہترین جنگی طیارے مار گرائے، جس سے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں عالمی سطح پر نمایاں ہوئیں۔
وزیراعظم نے علاقے میں تعاون اور امن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں ترکی اور قطر کے کردار کو سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے غزہ امن معاہدے میں تمام ممالک کی ذمہ داری کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے مستقبل کے لیے ترقی اور مضبوط قیادت پر زور دیتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ ماضی کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔