اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے انکشاف کیا ہے کہ افغان میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے حالیہ دنوں میں چلائی گئی پاکستان مخالف مہم مکمل طور پر جھوٹ، فریب اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جعلی مواد پر مشتمل تھی۔
وزارت کے مطابق افغان اکاؤنٹس نے پاک فوج پر مسجد اور قرآنِ مجید کی بے حرمتی کے بے بنیاد الزامات لگائے اور ایک ویڈیو گردش میں لائی، جس میں فوجی اہلکاروں پر مسجد میں کتوں کے استعمال کا جھوٹا الزام تھا۔ سوشل میڈیا ویریفیکیشن ٹولز نے ثابت کیا کہ ویڈیو اصلی فوٹیج پر مبنی نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی تھی۔
ترجمان وزارت نے کہا کہ افغان اکاؤنٹس نے سیاسی مقاصد کے لیے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کی، اور ویڈیو کے جعلی ہونے کا اعتراف خود 14 گھنٹے بعد کر دیا۔ وزارت نے واضح کیا کہ یہ عناصر بھارتی اثر و رسوخ کے تحت پاک فوج اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی مہم میں سرگرم ہیں۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان دشمن پروپیگنڈا کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔