کیلیفورنیا: میٹا کے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چان کو اپنے گھر میں بغیر لائسنس کے سکول چلانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ایک امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق، زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے 2021 کے قریب اپنے خاندان کے کمپاؤنڈ میں ایک سکول قائم کیا تھا جس میں تقریباً 30 طلبہ زیر تعلیم تھے، لیکن اسکول کو 2022 تک باضابطہ اجازت نہ مل سکی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زکربرگ کے پڑوسیوں نے سکول کے گرد شور شرابے، تعمیراتی کام، نجی سکیورٹی کی موجودگی اور ٹریفک و پارکنگ کے مسائل پر متعدد شکایات درج کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی انتظامیہ زکربرگ خاندان کو خصوصی رعایت دے رہی ہے اور باقی علاقے کو نظرانداز کر رہی ہے۔
پڑوسیوں کی طرف سے ایک ای میل میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ شہر کے حکام ایک ارب پتی خاندان کے لیے سہولت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ باقی علاقے کو اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے۔
زکربرگ فیملی کے ترجمان نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سکول کو بند نہیں کیا گیا بلکہ اسے کسی اور مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پالو آلٹو کے شہر کی ترجمان نے کہا کہ زکربرگ خاندان کو کسی قسم کی خصوصی رعایت نہیں دی گئی اور شہر کے تمام زونیگ، تعمیراتی اور سیفٹی قوانین یکساں طور پر نافذ کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، یہ اسکول جو مونٹیسوری طرز پر قائم تھا، کو جون 30 تک بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔