پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی

09:03 PM, 8 Nov, 2025

فیصل آباد : پاکستان نے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 144 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کر لیا، اور یوں سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے۔ بابر اعظم نے 27 رنز بنائے، جب کہ فخر زمان بغیر اسٹرائیک کے واپس پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 32 اور سلمان علی آغا 5 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستان کی مضبوط باؤلنگ لائن کے سامنے پوری جنوبی افریقی ٹیم 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک نے 53 رنز بنائے، جبکہ یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 اور پیٹر اور میتھیو برٹزکی نے 16، 16 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین آفریدی، سلمان آغا اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے اس میچ میں دو تبدیلیاں کیں، نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے گرین شرٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
 
 

مزیدخبریں