"دنیا کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے"

09:04 PM, 8 Sep, 2018

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں کہا کہ دنیا کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔


آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کی صورت میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں۔پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے دورے اور مسلسل تعاون پر چینی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم امن اور استحکام کے ذریعے اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات کے دوران پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں