عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

لاہور : عدالت نے  اداکارہ صباقمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔  وارنٹ گرفتاری دونوں فنکاروں کی عدالت میں عدم حاضری پر جاری کئے گئے ۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں فنکاروں کے مسلسل غیر حاضر ہونے پر وارنٹ جاری کیے۔  اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید پر مسجد وزیر خان میں ویڈیو شوٹ کرنے کے الزام میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل دونوں فنکاروں نے لاہور کی تاریخی مسجد وزیرخان میں ایک گانا شوٹ کیا تھا جس کے ایک سین میں دونوں کو مسجد میں رقص کرتے دکھایا گیا تھا ۔ 

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد  دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔