یومِ بحریہ آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

09:17 AM, 8 Sep, 2025

کراچی : پاکستان بھر میں آج یومِ بحریہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن پاک بحریہ کی جرات مندانہ کارکردگی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال 8 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔

یومِ بحریہ 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پیش آنے والے "آپریشن دوارکا" کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب پاک بحریہ کے جنگی بیڑے نے دشمن کے ساحلی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کرتے ہوئے بھارتی ریڈار اسٹیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔

دوارکا، جو بھارت کے ایک اہم دفاعی قلعے کی حیثیت رکھتا تھا، وہاں قائم ریڈار اسٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جا رہی تھی۔ پاک بحریہ کے سات جنگی جہاز ریڈیو خاموشی کے ساتھ دشمن کی حدود میں داخل ہوئے اور صرف چند منٹ میں دشمن کے ٹھکانے پر 50، 50 راؤنڈز فائر کر کے اسے تباہ کر دیا۔

ماہرین کے مطابق یہ آپریشن نہ صرف پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت تھا بلکہ دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی سمندری حدود ہر حال میں محفوظ ہیں۔

آج کے دن کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور تقاریر کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔

یومِ بحریہ پاکستانی قوم کے عزم، حوصلے اور دفاع وطن کے جذبے کی علامت ہے، جو یہ پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کی بحری سرحدیں بھی اتنی ہی مضبوط ہیں جتنی اس کی زمینی اور فضائی حدود۔

مزیدخبریں