سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی

08:50 AM, 8 Sep, 2025

شارجہ : سہ ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل میں پاکستان نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی۔ افغانستان کو 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 66 رنز پر 16 ویں اوور میں پویلین لوٹنا پڑا۔

افغانستان کی ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی، جہاں کپتان راشد خان نے 17 اور صدیق اللہ اٹل نے 13 رنز بنائے، جبکہ باقی کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر تک نہیں پہنچ سکا۔

پاکستانی بولرز میں محمد نواز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ لی۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور اپنی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔

اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، لیکن دونوں کھلاڑی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکے۔ صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب نے 17 رنز بنائے۔

تیسری وکٹ 51 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حسن نواز نے 15، محمد حارث نے 2، سلمان علی آغا نے 24، محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 15 رنز بنائے۔

مزیدخبریں