ڈرائیونگ لائسنس میں شفافیت کے لیے سخت اقدامات، ٹیسٹنگ سنٹرز کیمروں کا لائف ٹائم ویڈیو بیک اپ شروع

03:37 PM, 8 Sep, 2025

اسلام آباد : ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں شفافیت لانے کے لیے محکمہ ٹریفک نے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ نمائندہ نیو نیوز شاہدرضوی  کے مطابق  اب ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹنگ سنٹرز کے کیمرے بند نہیں کیے جائیں گے اور ویڈیو شواہد کے بغیر کسی بھی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ممکن نہیں ہوگا۔

نئے قواعد و ضوابط کے مطابق، ٹیسٹنگ سنٹرز سے حاصل ہونے والی ویڈیوز کا بیک اپ صرف 15 دن تک محفوظ نہیں رکھا جائے گا بلکہ اب ان ویڈیوز کا لائف ٹائم بیک اپ سیف سٹیز کے ڈیٹا سنٹر کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔

اس تبدیلی کا مقصد لائسنس جاری کرنے کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا سفارش کو روکنا ہے تاکہ ناقص یا غیر تربیت یافتہ افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہ کیے جا سکیں۔

مزید برآں، رواں ماہ سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) سسٹم کے تحت ڈرائیونگ ٹیسٹ کا آغاز بھی کیا جائے گا، جس سے ٹیسٹ کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا۔

محکمے کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے اور سڑکوں پر حفاظتی معیار کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں