معدنیات کی تلاش میں بڑا قدم: امریکی کمپنی کا پاکستان سے معاہدہ، 50 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

08:55 PM, 8 Sep, 2025

معدنیات کی تلاش میں بڑا قدم: امریکی کمپنی کا پاکستان سے معاہدہ، 50 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان
معدنیات کی تلاش میں بڑا قدم: امریکی کمپنی کا پاکستان سے معاہدہ، 50 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان میں معدنیات کی تلاش اور ترقی کے شعبے میں تیزی، امریکی کمپنی یو ایس سٹریٹجک میٹلز نے پاکستان کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔

یادداشتوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ امریکی کمپنی خاص طور پر کریٹیکل منرلز اور اہم معدنیات کی تلاش اور استعمال میں کام کرتی ہے، جنہیں امریکی محکمہ توانائی نے جدید مینوفیکچرنگ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، امریکی وفد کو پاکستان میں تانبے، سونے، اینٹیمونی اور ٹنگسٹن سمیت دیگر قیمتی معدنیات کے ذخائر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون کے لیے دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

(ایف ڈبلیو او) اور امریکی کمپنی کے درمیان  ایک تاریخی معاہدہ بھی طے پایا، جس کے تحت پاکستان میں ایک جدید پولی میٹلک ریفائنری قائم کی جائے گی۔ اس منصوبے کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار ترقی کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح، این ایل سی اور ایک اور امریکی کمپنی کے درمیان لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو طویل مدتی شراکت داری کی عکاس ہے۔

یہ دورہ اور معاہدے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں