اسلام آباد(رانا عثمان)وزارتِ داخلہ نے مختلف ویزا کیٹیگریز سے متعلق خصوصی رپورٹ تیار کرلی۔ رپورٹ میں بزنس، ٹورسٹ، گرانٹ ویزا اور مختلف ممالک کے ساتھ ویزا معاہدے ختم کیے جانے کی تفصیلات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے 69 ممالک پاکستان کی بزنس ویزا فہرست میں شامل ہیں۔ فہرست میں آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل، چین، فرانس، جرمنی اور جاپان سمیت مختلف ممالک شامل ہیں۔ کویت، کرغزستان، قازقستان، ملائیشیا، مالٹا، قطر، سویڈن، برطانیہ، امریکا اور ازبکستان بھی بزنس ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 24 ممالک ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔ کینیڈا، فرانس، ملائیشیا، جرسی، اٹلی، چین اور ڈنمارک سمیت دیگر ممالک کے شہری ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ممالک سے پاکستان آنے والے افراد کے حوالے سے ذمہ داری مقرر کردہ ٹورسٹ آپریٹر کی ہوگی۔
وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 15 ممالک گرانٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔ بنگلہ دیش، بھارت، اسرائیل، نائجیریا، صومالیہ، سوڈان اور یمن بھی گرانٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے 36 ممالک کے ساتھ ویزا ختم کرنے کے معاہدے کیے گئے۔ ان میں ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے 9 ممالک، آفیشل پاسپورٹ رکھنے والے 19 ممالک جبکہ قومی پاسپورٹ سے متعلق 8 ممالک شامل ہیں۔
رپورٹ میں دوہری شہریت دینے والے 16 ممالک کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کی ویزا پالیسی سے متعلق خصوصی رپورٹ تیار، 69 ممالک بزنس ویزا فہرست میں شامل
08:56 PM, 8 Sep, 2026