ملک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

11:26 PM, 8 Sep, 2026

السلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، پیاز کے نرخ 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی اور کوئٹہ میں پیاز کی قیمت 200 روپے فی کلو تک ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ لاہور میں پیاز 200 سے 250 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

پشاور میں پیاز کی قیمت مزید بڑھ گئی، جہاں شہریوں کو ایک کلو پیاز 280 سے 300 روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 3 ہزار 200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں بھی مہنگائی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، جہاں سبزیوں، پھلوں، دالوں، گوشت اور چکن سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد اشیا کے نرخ بڑھ گئے ہیں۔

شہر میں ٹماٹر 300 سے 350 روپے فی کلو تک فروخت ہورہے ہیں، جبکہ مٹن کی قیمت 3,200 سے 3,500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چکن، انڈوں، کوکنگ آئل اور گھی کے نرخوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں