اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہونے سے قبل فوری تجدید کروائیں، کیونکہ میعاد ختم ہونے کے بعد بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر سرکاری و فلاحی سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق، ریکارڈ کے مطابق کروڑوں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی میعاد ختم ہو چکی ہے، اور شہریوں کو تجدید کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے یاد دہانی بھیجی جاتی ہے۔
18 سال کی عمر مکمل ہونے پر شہری فوری طور پر شناختی کارڈ بنوائیں، کیونکہ پی ٹی اے کے قوانین کے مطابق موبائل سروس کے لیے فعال شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ میعاد ختم ہونے کے بعد موبائل سمز بلاک ہو سکتی ہیں۔
حال ہی میں 81 لاکھ سے زائد موبائل سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر فعال پائی گئی ہیں، جن کی فوری تجدید انتہائی ضروری ہے۔ نادرا نے متوفی افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کے بارے میں بھی تنبیہ کی کہ یہ کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں، لہٰذا شہری اپنے متوفی رشتہ داروں کے نام پر موجود سمز اپنے نام منتقل کروائیں۔
نادرا نے بتایا کہ جون کے بعد شناختی کارڈ کی دیر سے تجدید پر اضافی فیس یا جرمانہ لگنے کا امکان ہے۔ شہری نادرا مراکز، پاک آئی ڈی ایپ یا ای سہولت کے ذریعے آسانی سے تجدید کروا سکتے ہیں۔