اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف کو مختلف عالمی رہنماؤں کی جانب سے ٹیلیفون کالز موصول ہوئیں، جن میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور دونوں ممالک کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کے آغاز میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔
اسی سلسلے میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی وزیرِاعظم شہباز شریف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
قطر کے امیر نے وزیرِاعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کاوشوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے قطری قیادت کی دانشمندی اور تحمل کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران درپیش چیلنجز کے باوجود صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
وزیرِاعظم نے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مشترکہ کوششوں سے خطے میں جلد امن اور استحکام بحال ہو جائے گا۔