کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی، جو لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت بن گئی۔
کراچی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور کوشال مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 191 رنز کی زبردست شراکت قائم ہوئی۔
کوشال مینڈس نے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آخری اوورز میں عبدالصمد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 12 گیندوں پر 40 رنز بنائے جن میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
247 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 87 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اعظم خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پشاور زلمی کے بولرز ناہید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی اپنے نام کرلی۔