یومِ آزادی پریڈ کی ریہرسل: اسلام آباد ایئرپورٹ 8 دن کے لیے جزوی بندش کا شکار

04:51 PM, 9 Aug, 2025

اسلام آباد : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے اعلان کیا ہے کہ یومِ آزادی کی پریڈ کی ریہرسل کے پیش نظر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 6 سے 14 اگست کے دوران مخصوص اوقات میں پروازوں کی آمد و روانگی عارضی طور پر معطل رہے گی۔

نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) کے مطابق، 11، 12 اور 13 اگست کو رات 8 بجے سے 10 بجے تک ایئرپورٹ پر تمام فضائی آپریشنز مکمل طور پر معطل رہیں گے۔ اس کے علاوہ 6 سے 9 اگست اور 11 سے 14 اگست کے درمیان دن کے اوقات میں بھی پروازیں مختلف اوقات میں معطل رہیں گی، جن میں خاص طور پر صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کی بندش شامل ہے۔

حکام کے مطابق یہ فیصلہ 14 اگست کو ہونے والی سرکاری یومِ آزادی پریڈ کی سیکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی ایئرلائن سے رابطہ کر کے پروازوں کے اوقات کی تصدیق ضرور کر لیں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔ ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فلائٹ شیڈول میں ضروری تبدیلیاں کرتے ہوئے مسافروں کو بروقت مطلع کریں۔

مزیدخبریں