پی ٹی اے کی بڑی کارروائی: 13 ہزار سے زائد دھوکہ دہی پر مبنی ویب لنکس بلاک

09:50 PM, 9 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آن لائن دھوکہ دہی اور الیکٹرانک فراڈ کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے 13 ہزار 185 مشتبہ ویب لنکس (یو آر ایل) کو بلاک کرنے کے لیے پراسیس کیا ہے۔ یہ کارروائی عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔

پی ٹی اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، فراڈ سے متعلقہ ان یو آر ایل کی نشاندہی کے بعد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا گیا، جن میں فیس بک، یوٹیوب، ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، انسٹاگرام اور دیگر ایپس شامل ہیں۔ سوشل میڈیا کمپنیوں نے پی ٹی اے کی سفارشات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے تقریباً 98.76 فیصد لنکس کو بلاک کر دیا۔

فیس بک نے 1,357 میں سے 1,246 یو آر ایل بلاک کیے، جس کی شرح 91.82 فیصد رہی۔
یوٹیوب نے 122 میں سے 99 لنکس پر کارروائی کی، 81.15 فیصد بلاکنگ شرح کے ساتھ۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو آن لائن فراڈ، جعلی اسکیمز، اور مالیاتی دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آن لائن اسکیمز میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا اختیار وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم کوآرڈینیشن اتھارٹی (NCCIA) کو حاصل ہے۔

پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن فراڈ کی کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

 
 

مزیدخبریں