قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے نیدرلینڈز روانہ، کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے الاؤنس جاری

12:42 PM, 9 Aug, 2026

لاہور: پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز اور بیلجیئم روانہ ہوگئی۔

ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں منعقد ہوگا، جہاں قومی ٹیم عالمی ٹائٹل کے حصول کے لیے ایکشن میں نظر آئے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایونٹ سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو فارن ڈیلی الاؤنس کی مد میں مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے بھی جاری کردیئے ہیں۔ پی ایچ ایف کے مطابق الاؤنس کی رقم کھلاڑیوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جاچکی ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے دورہ ورلڈ کپ سے متعلق تمام انتظامی اور لاجسٹک امور مکمل کرلیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے سفر، رہائش اور کھانے سمیت دیگر ضروری انتظامات بھی حتمی شکل اختیار کرچکے ہیں۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی فلاح و بہبود فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی اور انتظامی معاملات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

قومی ٹیم ورلڈ کپ میں بھرپور تیاری اور کامیابی کے عزم کے ساتھ شرکت کرے گی۔

مزیدخبریں