ڈی ایچ اے اسلام آباد میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز، 50 ہزار مقامی و پھل دار درخت لگانے کا ہدف

12:49 PM, 9 Aug, 2026

اسلام آباد: ڈی ایچ اے اسلام آباد کی جانب سے مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت تقریباً 50 ہزار مقامی اور پھل دار درخت لگائے جائیں گے۔ شجرکاری مہم میں طلبہ و طالبات، یونیورسٹی طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی اور پودے لگائے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

شرکاء نے کہا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی میں کمی، صاف ہوا کی فراہمی اور موسمی شدت کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مقامی اور پھل دار درختوں کی افزائش سے ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند اور محفوظ مستقبل یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ سرسبز پاکستان کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ شجرکاری صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ مسلسل قومی ذمہ داری ہے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت اور افزائش بھی مشترکہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لگایا گیا ایک پودا آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈی ایچ اے اسلام آباد کی مون سون شجرکاری مہم کا مقصد ماحول دوست اور سرسبز معاشرے کے قیام کو فروغ دینا ہے۔ شرکاء کے مطابق صاف، صحت مند اور سرسبز پاکستان کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں