اسلام آباد: براڈ پیک حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے پاکستانی اور غیر ملکی کوہ پیماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا اہتمام پاتو کی جانب سے کیا گیا، جس میں جاں بحق کوہ پیماؤں کے اہل خانہ، شہریوں، سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد اور دیگر شرکاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی اور بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
شرکاء نے حادثے میں جاں بحق افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ تقریب کے دوران شمعیں روشن کرکے متاثرہ خاندانوں اور عالمی کوہ پیمائی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
تقریب میں نیپال کے سفیر نے بھی شرکت کی اور براڈ پیک سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق کوہ پیماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ دنیا بھر کی کوہ پیمائی برادری کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
نیپالی سفیر نے زور دیا کہ بلند پہاڑی علاقوں میں کوہ پیماؤں کی حفاظت کے لیے موجودہ اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کوہ پیمائی مہمات کے دوران ریسکیو اور ہنگامی امدادی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب کے شرکاء نے کوہ پیماؤں، ان کے اہل خانہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر عزم کیا گیا کہ براڈ پیک سانحے میں جان گنوانے والے کوہ پیماؤں کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا۔