ویرات اور انوشکا کی شادی کی تصدیق ہو گئی

ویرات اور انوشکا کی شادی کی تصدیق ہو گئی

ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور مایہ ناز اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کا ان کے مداحوں کو شدت سے انتظار ہے، اس حوالے گزشتہ دنوں خبریں آئیں تھیں کہ دونوں اپنی اپنی فیملیوں کیساتھ اٹلی روانہ ہو گئے ہیں۔ لیکن یہ خبریں ابھی تک افواہیں ہی تھیں کیونکہ دونوں کی جانب سے ہی تصدیق کی گئی تھی اور نہ تردید، مگر اب انوشکا شرما کے پڑوسی نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں شادی کیلئے ہی اٹلی گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے انوشکا شرما کے پڑوسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ انوشکا کے والد اجے کمار شرماکی جانب سے انہیں اور سوسائٹی میں رہنے والے دیگر کئی لوگوں کو شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ یہ دعوت انہیں باقاعدہ دعوت نامے کے ذریعے نہیں بلکہ فون پر دی گئی ہے جس کے مطابق دونوں کی شادی 12 دسمبر کو ہو گی۔ لیکن وہ شادی میں شرکت کیلئے اٹلی نہیں جا سکیں گے البتہ انوشکا کے والد سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں شادی کی رسموں کے بارے میں آگاہ کرتے رہیں۔
پڑوسی نے مزید بتایا کہ شادی میں صرف چند لوگوں کو ہی مدعو کیا گیا ہے جبکہ ویرات کوہلی کے بھی قریبی دوست ہی شادی میں شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹس میں بھی یہ دعویٰ ہی کیا گیا تھا کہ دونوں کی شادی 9 سے 12 دسمبر کے درمیان ہوگی اور اسی مقصد کیلئے انوشکا دو روز قبل اٹلی روانہ ہوئی ہیں جہاں ممبئی ائیر پورٹ پر صحافیوں کی جانب سے شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر انوشکا گھبراگئی تھیں اور بغیر کوئی جواب دئیے وہاں سے چلی گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شادی تو اٹلی کے شہر میلان میں سادگی سے ہوگی جس میں گھر کے افراد اور چند قریبی دوست شرکت کریں گے تاہم 21 دسمبر کو ویرات انوشکا کی شادی کے ولیمے کی تقریب ہوگی جس میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور کرکٹ کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائےگا۔