شیخ روحیل اصغر کا وزیراعظم کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال، شہباز گل کا شدید ردعمل

Sheikh Rohail Asghar's use of vulgar words against the Prime Minister, Shahbaz Gul's strong reaction
کیپشن: فائل فوٹو

سیالکوٹ: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر کی جانب سے گزشتہ روز جلسے میں نازیبا زبان کے استعمال پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شدید ردعمل دیا ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر نے گزشتہ روز وزیراعظم کو گالیاں دیں، کیا کیا بیٹی کو ساتھ بٹھا کر غلیظ گالیاں دی جاتی ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عمران خان اپنے گھر کا کچن اپنی جیب سے چلاتے ہیں۔ سابق حکمرانوں کے پانچ، پانچ کیمپ آفسز تھے لیکن وزیراعظم عمران خان کا ایک بھی نہیں ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 2021ء تک پنجاب میں تمام لوگوں کو ہیلتھ انشورنس ملے گی۔ خواجہ آصف ، ن لیگ کے دیگر بیماروں کو بھی سب کو طبی سہولت ملے گی۔ ہیلتھ انشورنس کا فائدہ ن لیگ قیادت کو بھی ہوگا جو اکثر بیمار ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عوام کو روزگار کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ حکومت نے برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی پیکج دیے۔ اب موبائل فون پاکستان میں بنیں گے، روزگار ملے گا اور زرمبادلہ بچے گا۔

انہوں نے لیگی رہنما احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سارا دن جھوٹ بولتے ہیں اور پکے منہ کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں۔ تین ہفتے پہلے فیصل آباد میں بتایا گیا کہ دو لاکھ مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے۔ پچاس لاکھ پاور لومز چلنے لگی ہے اور تیس ہزار مزید آرڈرز ملے ہیں۔ فیصل آباد کی پاور لومز کوڑیوں کے بھاؤ بیچی جا رہی تھیں آج چلنے لگ گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گل نے اپوزیشن قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ اپنی سیاست چمکانے کیلئے عوام کو عالمی وبا کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔