نوجوان پاکستان کا بیش قیمت اثاثہ ، ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، شہباز شریف کا انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر پیٖغام

12:29 PM, 9 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدعنوانی کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششیں جاری ہیں اور یہ جنگ ایک بہتر، شفاف اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے ضروری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی کی نوعیت اور طریقہ کار جدید دور میں تیزی سے بدل رہے ہیں، اس لیے نوجوانوں کی اس معاملے میں شمولیت نہایت اہم ہے تاکہ اس ناسور کو مؤثر انداز میں ختم کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ انسداد بدعنوانی کا عالمی دن دنیا بھر کے افراد کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ بدعنوانی کے منفی اثرات کی حوصلہ شکنی کریں اور ایک بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی بدعنوانی نہ صرف ملکی انتظامیہ کو کمزور کرتی ہے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، معاشرتی انصاف، مساوات اور معاشی ترقی پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگر متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں تاکہ ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیب کی جانب سے مالی بدعنوانی کے خلاف کی جانے والی قانونی کارروائیوں اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے نوجوانوں میں انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور اس سے عوام کا نیب پر اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر ہمیں اپنے عہد کی تجدید کرنی ہے کہ ہم یکجہتی اور مشترکہ مقصد کے تحت شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بدعنوانی کے خلاف یہ جنگ وفاقی، صوبائی حکومتوں اور تمام معاشرتی طبقات کی مشترکہ کوششوں سے ہی کامیاب ہو سکتی ہے۔

انسداد بدعنوانی کے عالمی دن 2025 میں "نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف: ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد" کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو ہر عمر کی آبادی کو اس برائی کے خاتمے میں شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

مزیدخبریں