پاکستان کے معروف کامیڈین نرالا کو دنیا سے رخصت ہوئے 35 برس بیت گئے

10:36 PM, 9 Dec, 2025

لاہور : پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین نرالا کو ہم سے رخصت ہوئے 35 برس ہو گئے ہیں۔ نرالا، جن کا اصل نام سید مظفر حسین زیدی تھا، 1937ء میں پیدا ہوئے اور انہوں نے نرالا کے نام سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ انہوں نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز اور اداکاری کے جوہر سے لوگوں کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا۔

نرالا نے اپنے کیریئر میں سو سے زائد فلموں میں اداکاری کی، اور اپنے مزاحیہ کرداروں سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ ان کی کامیاب ترین فلموں میں سپیرن، مسٹر ایکس، شرارت، چھوٹی بہن، ہیرا اور پتھر، ارمان، احسان، دوراہا، زمین کا چاند، انسان اور گدھا، جہاں تم وہاں ہم اور نصیب اپنا اپنا شامل ہیں۔

سب سے زیادہ شہرت انہیں فلم ارمان سے ملی، جہاں ان کے مزاحیہ کردار نے ناظرین کو بے حد محظوظ کیا۔ نرالا کی آخری فلم چوروں کا بادشاہ تھی۔

9 دسمبر 1990ء کو مختصر علالت کے بعد نرالا ہم سے جدا ہو گئے۔ ان کی وفات نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو ایک عظیم کامیڈین سے محروم کر دیا، مگر ان کی یادیں آج بھی فلموں اور مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ نرالا کی کامیاب فلمی زندگی اور ان کے مزاحیہ کرداروں کی بدولت وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

مزیدخبریں