داخلی بحران، سیاسی انتقام اور سازشیں ملک کو پیچھے دھکیل رہی ہیں:سپیکر پنجاب اسمبلی

03:17 PM, 9 Dec, 2025

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں ایک شورش پیدا کی جا رہی ہے اور نظام کو پیچھے دھکیلنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اگر ملک میں سیاسی عدم استحکام رہے گا تو معیشت بھی متاثر ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی سیاسی حریف پر ایک بھی سیاسی مقدمہ ثابت ہو گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو کمزور کرنے اور فوج کے خلاف باتیں کرنے والے خود فوج کی پیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ پی ٹی آئی کے لیے شکست کا نشان رہا ہے اور ملک کے مفاد میں ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔

ملک محمد احمد خان نے سپریم کورٹ میں ایک گروہ بندی اور سیاسی جماعتوں کے خلاف مقدمات کے حوالے سے بھی بات کی، اور کہا کہ کچھ مقدمات صرف ایک سیاسی جماعت کے خلاف چلائے گئے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے اقدامات کو سیاسی انتقام قرار دیا اور کہا کہ کاروباری افراد کے کاروبار بند کر دینا اور جھوٹے مقدمات بنانا ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ نو مئی کے بعد 10 مئی کا واقعہ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ فوج نے اپنی برتری برقرار رکھی اور بھارت ابھی بھی جنگ کے کھیل میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے دن متعدد چھائونیوں اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، لاہور کور کمانڈر کے گھر اور قومی پرچم کو نذر آتش کیا گیا، اور یہ سب منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔

ملک محمد احمد خان نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی اور فوج کی مرکزیت کو کسی بھی صورت خطرے میں نہیں آنے دیا جائے گا، اور دشمن عناصر کے خلاف سخت اقدامات ضروری ہیں۔

مزیدخبریں