کراچی: سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں بایو گیس پر چلنے والی بسوں کی خریداری کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
شرجیل میمن سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ کے موجودہ منصوبوں اور مستقبل کے اہم اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو بھی موجود تھے۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ پاکستان میں پہلی بار بایو گیس پر چلنے والی بسیں متعارف کروا رہی ہے، اور ان بسوں میں جدید آئی ٹی ایس (Intelligent Transport System) نصب ہوگا تاکہ مسافروں کو بہترین سروس فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ماحول دوست بسوں کے لیے بایو گیس پلانٹ کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ بایو گیس اور ای وی گاڑیوں کے استعمال سے شہر میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔