لاہور : لاہور میں رنگارنگ بسنت میلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا، جس دوران تینوں روز شہریوں نے جوش و خروش سے پتنگ بازی کی اور خوب پیچ لڑائے۔ بسنت کے اس رنگین تہوار میں شہریوں کا جوش و خروش دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی خوش ہو گئیں۔
مریم نواز نے ایکس (Twitter) پر پیغام میں لکھا کہ "لاہوریوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی۔ انہوں نے قواعد و ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے اعتماد قائم رکھا اور خوش و خرّم مگر محفوظ بسنت کا تصور اپنایا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "پتنگوں کی آنکھ مچولی ہوا کے دوش پر جاری رہی اور چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی۔"
بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جن میں لبرٹی اور اندرون شہر میں 200 کلینک آن ویل متعین کیے گئے تھے اور 21 فیلڈ ہسپتال بھی فعال رہے۔
مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں اور سیف بسنت کے ماڈل کو دیگر شہروں میں بھی اپنانے کا عندیہ دیا۔