غزہ : حماس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے غزہ میں جنگ بندی کا کوئی فائدہ نہیں رہا۔ حماس کے مطابق، اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، اور ثالثوں کی امن کوششیں اسرائیل کی جانب سے نظر انداز کر دی گئی ہیں۔ حماس نے مزید کہا کہ امریکا اور دیگر ثالث ممالک کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے روکیں۔
اس سے پہلے امریکی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ واشنگٹن میں ہونے والی ایک شیڈول میٹنگ کے لیے ارکان کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ اس میٹنگ کی میزبانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بورڈ ممبران اور غزہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کریں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ غزہ بورڈ آف پیس کے چیئرمین ہیں۔
برطانیہ، فرانس اور ناروے جیسے اہم یورپی ممالک نے پیس بورڈ میں شمولیت سے انکار کیا ہے اور اس بورڈ کو اقوام متحدہ کی حیثیت چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ پیس بورڈ کا مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی تعمیر نو کرنا ہے۔
میٹنگ کا ایجنڈا ابھی تک منظر عام پر نہیں آیا، تاہم امریکی میڈیا کے مطابق، غزہ بورڈ کا قیام صدر ٹرمپ کی پیش کردہ غزہ ڈیل کے دوسرے حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔