اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’انڈس اے آئی ویک‘ ایونٹ پاکستان کے ٹیکنالوجیکل منظر نامے کو بدلنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان ایک مضبوط پارٹنر کے طور پر ابھرے گا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک کے انسانی وسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں سے 60 فیصد نوجوان ہیں، جو ملک کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اپنے گزشتہ دورِ حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ اور پہلی آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، جبکہ زمین کے ریکارڈ کی شفافیت اور ای اسٹامپ پیپر کے اجراء سے نہ صرف نظام میں بہتری آئی بلکہ قومی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
تقریب کے دوران وفاقی وزراء نے بھی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ شزا فاطمہ (وزیر مملکت برائے آئی ٹی)نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل انقلاب کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہا ہے اور تمام عوامی خدمات کے شعبوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد اب ہم ترقی کا معرکہ بھی سر کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبوں میں ہونے والا کام پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گا۔
حکومتی نمائندوں کے مطابق، پاکستان اب ایک ایسے مشترکہ راستے پر چل پڑا ہے جہاں جوش اور عزم کے ساتھ عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں اپنا مقام بنایا جائے گا۔
انڈس اے آئی ویک ٹیکنالوجی کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
03:15 PM, 9 Feb, 2026