بھارتی اجارہ داری نے عالمی کرکٹ کو یرغمال بنا لیا,'نیویارک ٹائمز' نے بھارت کے قبضے اور سیاسی مداخلت کا پردہ چاک کر دیا

03:46 PM, 9 Feb, 2026

نیویارک : معتبر امریکی جریدے 'نیویارک ٹائمز' نے عالمی کرکٹ پر بھارت کے قبضے اور سیاسی مداخلت کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارتی ہٹ دھرمی اور آئی سی سی پر دباؤ کی وجہ سے شدید تنازع کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث عالمی کرکٹ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
امریکی جریدے کے مطابق بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی کی وجہ سے کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ، پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ منسوخ ہو گیا ہے۔ پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے اس فیصلے کو "واضح مؤقف" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔
نیویارک ٹائمز نے خبردار کیا ہے کہ اس میچ کی منسوخی سے آئی سی سی کو تقریباً 250 ملین ڈالر کے ریونیو کا نقصان ہوگا۔ بھارت آئی سی سی کے مجموعی منافع کا 40 فیصد حصہ اکیلے وصول کرتا ہے، جو اس کی طاقت کا اصل سرچشمہ ہے۔ پاکستان اور بنگلادیش کے بائیکاٹ نے ورلڈ کپ کی عالمی ساکھ پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
رپورٹ میں تعلقات کی خرابی کے پسِ منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ  اپریل 2025 میں پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والے فوجی تناؤ نے کرکٹ کے تعلقات کو بدترین سطح پر پہنچا دیا۔حسینہ واجد کی حوالگی کے مطالبے نے بنگلادیش اور بھارت کے تعلقات میں گہری دراڑ ڈالی، جس کا اثر براہِ راست کرکٹ پر پڑا۔ نیویارک ٹائمز نے متنبہ کیا ہے کہ اگر آئی سی سی نے بھارتی دباؤ سے نکل کر فیصلے نہ کیے تو کرکٹ کا عالمی ڈھانچہ بکھر جائے گا، کیونکہ بھارتی اجارہ داری اب کھیل کے لیے زہرِ قاتل بن چکی ہے۔

مزیدخبریں