لاہور میں 25 سال بعد بسنت کی بہار، عوام نے فسادی ٹولے کی ہڑتال ناکام بنا دی: وزیراعلیٰ مریم نواز

05:05 PM, 9 Feb, 2026

لاہور ؛ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کی خوشیاں لوٹ آئی ہیں اور عوام نے ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے ثابت کر دیا کہ وہ امن اور ثقافت سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی ہڑتال کی کال کو مسترد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے "فتنہ و فساد کی سیاست کی شکست" قرار دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بسنت پنجاب کے کلچر کا اٹوٹ انگ ہے، جسے 25 سال بعد دوبارہ کھلی فضا میں بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل (Gen Z) کا ذکر کیا جنہوں نے پہلی بار اس روایتی تہوار کو دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی کہ لاہور کی ہر چھت پر فیملیز موجود تھیں اور بیرون ملک سے آئے مہمانوں نے بھی اس میں بھرپور حصہ لیا۔"
اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ     بسنت کے دوران لاہور میں اربوں روپے کا کاروبار ہوا۔    10 لاکھ سے زائد گاڑیاں شہر میں داخل ہوئیں، جو سیاحت کی بحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔    حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت سے 26 لاکھ افراد نے فائدہ اٹھایا۔    موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے 14 لاکھ سیفٹی راڈز مفت فراہم کیے گئے۔
مریم نواز نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب میں کل 'زیرو ہڑتال' تھی"۔ انہوں نے کہا کہ ارب پتی لوگوں نے اپنی سیاست چمکانے کے لیے غریب دیہاڑی دار طبقے کو کاروبار بند کرنے کی کال دی تھی، جسے شعور رکھنے والے عوام نے یکسر مسترد کر دیا۔ عوام نے جلاؤ گھیراؤ اور بدتہذیبی کے کلچر کے مقابلے میں بسنت کی خوشیوں کو ترجیح دے کر انتشاری ٹولے کو واضح پیغام دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ہونے والے خودکش دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ اسی سانحے کے باعث حکومت نے اپنی سرکاری تقریبات منسوخ کر دی تھیں۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مزیدخبریں