اسلام آباد: پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے بعد سامنے آئی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق، سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور درخواست کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں ہونے والا پاک بھارت میچ ضرور کھیلنا چاہیے۔سری لنکن صدر نے پاکستان کی دیرینہ دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے بدترین دور میں بھی پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو تنہا نہیں چھوڑا۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنے تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی اور نامساعد حالات کے باوجود اپنی ٹیم سری لنکا بھیجی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ابتدائی طور پر مشاورت کا کہا تھا، تاہم اب سری لنکن صدر کی مخلصانہ درخواست اور دونوں ممالک کے گہرے دوستانہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے میچ کھیلنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔
اب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق 15 فروری کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کا سری لنکن صدر کی درخواست پر بھارت سے میچ کھیلنے کا فیصلہ ، 15 فروری کو ٹاکرا ہوگا
09:50 PM, 9 Feb, 2026