ریکوڈک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع، پاک امریکا تعلقات تاریخ کی بلند ترین سطح پر: امریکی سفارتکار

03:26 PM, 9 Jan, 2026

اسلام آباد: پاک امریکا تعلقات اس وقت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، جس کے نتیجے میں ملک میں ریکوڈک کے اہم معدنی منصوبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

امریکی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تعلقات خوشگوار، مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، جو دونوں ممالک کے اقتصادی اور سفارتی روابط کی مستحکم بنیاد ہیں۔

اینڈی ہیلس نے بتایا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے اشتراک سے ریکوڈک میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اور مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں امریکی نجی کمپنیوں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاری مقامی باصلاحیت افرادی قوت کو ترجیح دے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں تعلیم کا کردار بھی اہم ہے، فل برائٹ پروگرام کو 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ امریکا کی جامعات سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ اینڈی ہیلس نے پاکستانی نوجوانوں کو یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ متعدد مواقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے بارے میں مثبت بیانات دے چکے ہیں اور موجودہ تعلقات دونوں ممالک کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں