وزیر اعظم سے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے نمائندگان کی ملاقات، شفاف بڈنگ کی تعریف

04:41 PM, 9 Jan, 2026

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل ہونے والی دو نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹیم سیالکوٹ کی بڈنگ حاصل کرنے والی فرم او-زیڈ ڈیویلپر کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد کی بڈنگ جیتنے والی فرم ایف کے ایس کے فواد سرور موجود تھے۔

وزیر اعظم نے نمائندگان کو مبارکباد دی اور پی سی بی چیئرمین سید محسن رضا نقوی اور مینجمنٹ کو شفاف بڈنگ کے عمل پر خراج تحسین پیش کیا، جسے ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کے ابھرنے میں مدد ملے گی اور یہ ٹیمیں پی ایس ایل کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی۔

وزیر اعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بڈنگ میں بین الاقوامی فرمز کی دلچسپی پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عندیہ ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں