ہماری توجہ اس وقت غزہ میں جنگ بندی پر ہے ، ٹیمی بروس

11:48 AM, 9 Jul, 2025

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا کے کردار کو مسترد کرنے کے بھارتی دعوے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض تبصرے خود ہی اپنی وضاحت کر دیتے ہیں، اور موجودہ دور میں کسی ایک بیان پر آنکھ بند کر کے یقین نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض آرا درست نہیں ہوتیں، اور صدر ٹرمپ نے اس معاملے کو واضح کر دیا ہے۔

ٹیمی بروس نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی تھی، اور اس عمل میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی شامل تھے، جن کا کردار تسلیم کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار پاک بھارت جنگ بندی میں ثالثی کا دعویٰ کر چکے ہیں، تاہم بھارت مسلسل اس دعوے کی تردید کرتا آیا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اس وقت امریکا کی توجہ غزہ میں جاری بحران اور جنگ بندی پر مرکوز ہے۔ صدر ٹرمپ غزہ سے متعلق نئی تجاویز پر غور کر رہے ہیں، اور شام و لبنان میں پیشرفت مشرقِ وسطیٰ کے سیاسی منظرنامے کو بدل سکتی ہے۔

آخر میں ٹیمی بروس نے ٹیکساس میں جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کرنے والے ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں