لاہور: دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپ واٹس ایپ میں اب چیٹس کو زیادہ منظم اور آسان بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت صارفین میسیجز پر تھریڈ فارمیٹ میں ریپلائی کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق، یہ نیا فیچر فیس بک اور ایکس (ٹوئٹر) پر موجود کمنٹ ریپلائی سسٹم سے ملتا جلتا ہے، جس میں کسی میسج پر ہونے والی تمام گفتگو ایک ہی جگہ دیکھی جا سکتی ہے۔
فی الحال واٹس ایپ پر ہر ریپلائی الگ پوسٹ کے طور پر دکھائی دیتا ہے، جس سے پرانے ریپلائیز تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے۔ مگر اس نئے فیچر کے تحت، گروپ چیٹس میں ہر ریپلائی اصل میسج کے نیچے تھریڈ کی صورت میں نظر آئے گا، جس سے گفتگو کو سمجھنا آسان ہو جائے گا۔
اس فیچر کی آزمائش واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جب کوئی صارف کسی میسج پر ریپلائی کرے گا تو اصل میسج پر ایک چھوٹا آئیکون ظاہر ہوگا، جس پر کلک کرنے سے تمام متعلقہ ریپلائیز کھل جائیں گے۔
یہ فیچر خاص طور پر گروپ چیٹس میں کارآمد ہوگا جہاں سینکڑوں میسجز آتے ہیں اور بات کا سرا پکڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اگرچہ فیچر کی آفیشل لانچ کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی، لیکن اس کی آمد سے واٹس ایپ کا استعمال مزید آسان اور منظم ہو جائے گا۔