اسلام آباد: ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان اور وزیر دفاع یاشر گوولر اپنے سرکاری دورے کے سلسلے میں آج دفتر خارجہ اسلام آباد پہنچے، جہاں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ترک وفد کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ اور قریبی تعلقات کی ایک زندہ مثال ہے۔ دورے کے دوران ترک وفد کی وزیراعظم پاکستان، اعلیٰ حکومتی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے سفارتی، دفاعی اور اقتصادی تعلقات ہیں، اور یہ دورہ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔