پاکستان روس توانائی تعاون خطے میں معاشی ترقی کا نیا راستہ بن سکتا ہے، اویس لغاری

03:55 PM, 9 Jul, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں، جنہیں توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی کا شعبہ دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے۔ دونوں ممالک تیل اور گیس کی پائپ لائنز سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر کام کر رہے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے یوریشیائی جیو اکنامک ماحول میں دونوں ممالک کے لیے اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بارٹر ٹریڈ کا فریم ورک تجارتی روابط میں اہم پیش رفت ہے، جبکہ تجارتی راہداریوں، بہتر لاجسٹکس اور مضبوط سپلائی چینز کے ذریعے علاقائی تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینکس اور جامعات پالیسی سازی، تحقیق اور عملی تعاون میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تعلیم، مشترکہ تحقیق، اساتذہ کے تبادلوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے اور مالیاتی استحکام، جدید ترسیلی نظام اور بہتر حکمرانی کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقل رابطہ، باہمی اعتماد اور عملی تعاون پاکستان اور روس کے درمیان مستقبل کی مضبوط شراکت داری کی بنیاد ثابت ہوں گے۔

مزیدخبریں