پنجاب میں شدید گرمی اور مون سون خطرات کا خدشہ، مریم نواز نے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

04:40 PM, 9 Jul, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جولائی سے ستمبر کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کا خدشہ ہے اور بعض شہروں میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو مکمل تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے، جس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران پنجاب کے بعض شہروں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ محکمہ موسمیات، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطہ مضبوط بنایا جا رہا ہے جبکہ بارشوں کی بروقت پیشگوئی کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو مکمل فعال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ اضلاع میں ہائی ٹمپریچر کا خطرہ ہے، جبکہ جن علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی ہے وہاں پانی کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ مویشیوں کے لیے خوراک اور پینے کے پانی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام ڈویژنز میں ٹرک بھجوائے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے احتیاط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلابی صورتحال میں ریسکیو اور دیگر ادارے متحرک رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 نے بہترین خدمات انجام دیں۔
اجلاس میں کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کا بھی ذکر کیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" اسکیم کے تحت نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس میں شہریوں کو گھر کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ قرض کی ماہانہ قسط چند ہزار روپے تک ہوگی اور پنجاب بھر سے شہری اس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں