سخت ڈائٹنگ نہیں، متوازن غذا میری فٹنس کا راز ہے: کریتی سینن

05:44 PM, 9 Jul, 2026

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ وہ سخت ڈائٹنگ پر یقین نہیں رکھتیں بلکہ متوازن طرزِ زندگی اپناتے ہوئے ہر قسم کی پسندیدہ غذا سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔

حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران کریتی سینن نے اپنی فٹنس، خوراک اور پسندیدہ کھانوں سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں "چیٹ ڈے" منانے کی ضرورت پیش نہیں آتی کیونکہ وہ روزمرہ زندگی میں کسی بھی چیز پر مکمل پابندی عائد نہیں کرتیں۔ انہوں نے البتہ واضح کیا کہ فلم "کاک ٹیل 2" کی شوٹنگ کے دوران کردار کی مناسبت سے انہیں اپنی خوراک پر خصوصی توجہ دینا پڑی تھی۔

کریتی سینن نے کہا، "میں کھانے کی بے حد شوقین ہوں، اسی لیے تقریباً ہر قسم کا کھانا پسند کرتی ہوں۔" ان کے مطابق روایتی بھارتی پکوان، تھائی اور چائنیز ڈشز کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں ملنے والے مصالحے دار اسٹریٹ فوڈ بھی ان کی پسندیدہ غذاؤں میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ آج بھی انہوں نے پیزا کھایا ہے۔

یاد رہے کہ کریتی سینن اس وقت اپنی حالیہ فلم "کاک ٹیل 2" کی کامیابی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں، جس میں ان کے ہمراہ شاہد کپور اور رشمیکا مندانا نے بھی مرکزی کردار نبھائے ہیں۔

مزیدخبریں