15 سالہ طالب علم کا چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے سائبر حملہ، جاپانی طالب علم گرفتار

06:01 PM, 9 Jul, 2026

ٹوکیوجاپان میں 15 سالہ ہائی اسکول کے ایک طالب علم کو مصنوعی ذہانت کے ٹول چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے مبینہ طور پر سائبر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان پر الزام ہے کہ اس نے ایسا سافٹ ویئر تیار کیا جسے "بانڈائی نامکو فلم ورکس" کی اسٹریمنگ سروس "بانڈائی چینل "پر سائبر حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں سروس کا نظام متاثر ہوا جبکہ 46 ہزار سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس حذف ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ نومبر 2025 میں پیش آیا، جہاں ملزم پر آن لائن اسٹریمنگ سروس کے کاروباری امور میں دھوکا دہی کے ذریعے خلل ڈالنے کا شبہ ہے۔

تحقیقات سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نے پلیٹ فارم کے سکیورٹی نظام میں موجود کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا، جس کے باعث کمپنی کو اپنی سروس کے بعض حصے عارضی طور پر بند کرنا پڑے۔

دورانِ تفتیش طالب علم نے بتایا کہ اس نے چوتھی جماعت سے کمپیوٹر پروگرامنگ سیکھنا شروع کی تھی اور حملے میں استعمال ہونے والے سافٹ ویئر کا بنیادی سورس کوڈ خود تیار کیا۔ اس کے بقول چونکہ پروگرام کی پروسیسنگ میں زیادہ وقت لگ رہا تھا، اس لیے اس نے چیٹ جی پی ٹی سے مدد حاصل کی اور مختلف پروگرامنگ زبانوں کی مدد سے اسے مکمل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ پوچھ گچھ اعتراف کیا کہ اس کی بانڈائی نامکو فلم ورکس سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ اس نے بتایا کہ اس نے اس پلیٹ فارم کو صرف اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ وہاں بڑی تعداد میں ایسے اکاؤنٹس موجود تھے جن تک رسائی حاصل کرنا ممکن تھا۔

:

مزیدخبریں