کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ پوری قوم اپنی افواج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی معاونت کے شواہد موجود ہیں اور پاکستان اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سکیورٹی حکام نے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ اقدامات جاری رکھیں۔