ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نماز جنازہ مشہد میں ادا کردی گئی

11:46 PM, 9 Jul, 2026

مشہد: ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ مشہد میں ادا کر دی گئی، جس میں لاکھوں سوگواروں نے شرکت کرکے انہیں پرسوز انداز میں الوداع کہا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نمازِ جنازہ سے قبل آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ان کی صاحبزادی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری، بہو زہرا حداد اور کم سن نواسی زہرا محمدی کے تابوتوں کو ایک بڑے جلوس کی صورت میں روضے تک پہنچایا گیا، جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

جنازے کے موقع پر مشہد کی سڑکیں سوگواروں سے بھر گئیں۔ مرد، خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچوں سمیت ہر طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء ایرانی پرچم، شہداء کی تصاویر اور جوابی کارروائی کے مطالبات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی آج نجف سے مشہد منتقل کیا گیا، جہاں ایرانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے اسے لانے والے طیارے کو حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ تک پہنچایا۔

اس سے قبل میت کو عراق کے شہر کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے روضوں پر بھی لے جایا گیا، جہاں نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور عقیدت مندوں نے آخری دیدار کیا۔

گورنر آفس کے مطابق جنازے کے جلوس میں 70 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای 28 فروری کو تہران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی میزائل حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

مزیدخبریں