پنجاب حکومت کا برتھ اور ڈیتھ رولز میں ترامیم کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا برتھ اور ڈیتھ رولز میں ترامیم کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: محکمہ بلدیات پنجاب نے عوام کی سہولت کیلئے برتھ اور ڈیتھ رولز میں ترامیم کا فیصلہ کرتے ہوئے ترامیمی مسودہ پنجاب کابینہ کو ارسال کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے لیٹ اندراج کی مدت بڑھانے اور رجسٹریشن فیسوں کو کم کرنے پر غور بھی کیا گیا۔ ترجمان لوکل گورنمنٹ کے مطابق سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کی سفارشات پر پنجاب کابینہ کو ارسال کئے گئے ترمیمی مسودے میں نارمل اندراج کی مدت 60 یوم مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری سے لیٹ اندراج کا دورانیہ 61 یوم تا 7 سال مقرر کیا جائے گا جبکہ نارمل اندراج کی رجسٹریشن فیس 200 روپے رکھی جائے گی اور لیٹ اندراج کی فیس 300 روپے ادا کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
غیر ملکی بچے کی پیدائش پر فیس 2000 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ 6 ماہ بعد موت کا اندراج لیٹ تصور کیا جائے گا۔ ترجمان لوکل گورنمنٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد موت کے اندراج کی لیٹ فیس 1000 روپے ہو گی جبکہ ترامیمی مسودہ پنجاب حکومت سے منظوری کے بعد صوبے بھر میں نافذ کیا جائے گا۔