گلگت: گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے بعد خطے میں پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مابین اتحادی حکومت قائم ہونے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔ حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے، جس کے بعد حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا عمل تیز ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے مابین ہونے والا یہ اتحاد مرکز میں بننے والی سابقہ پی ڈی ایم (PDM) حکومت کی طرز کا ہوگا، جس کے لیے وزارتوں کی تقسیم کا فارمولا بھی طے کر لیا گیا ہے۔ طے شدہ فارمولے کے تحت نئی بننے والی حکومت میں 60 فیصد وزارتیں پیپلز پارٹی کو دی جائیں گی، جبکہ 40 فیصد وزارتیں مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئیں گی چونکہ پیپلز پارٹی خطے کی سب سے بڑی جماعت ہے، اس لیے وزیراعلیٰ کا عہدہ اسی کے پاس رہنے کا امکان ہے، جبکہ ن لیگ کو اہم ترین وزارتیں اور سپیکر یا گورنر کا عہدہ دیے جانے پر مشاورت جاری ہے۔
دونوں جماعتوں کی قیادت نے مرکز کی طرح گلگت بلتستان میں بھی سیاسی استحکام کے لیے مل کر چلنے اور جلد ہی باقاعدہ حکومت قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔