ایپل کا iOS 27 متعارف، آئی فون صارفین کے لیے بڑی اپڈیٹ

06:46 PM, 9 Jun, 2026

کیلیفورنیا: ایپل کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم میں بڑی اپڈیٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت iOS 27 صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ایپل کا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم ممکنہ طور پر رواں سال ستمبر میں عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس حوالے سے تفصیلات ڈویلپر کانفرنس WWDC 2026 کے دوران سامنے آئیں، جہاں بتایا گیا کہ iOS 27 میں متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سِری اپگریڈ بھی شامل ہے۔

ایپل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ نئے AI فیچرز صرف مخصوص اور جدید آئی فون ماڈلز تک محدود ہوں گے، جن میں آئی فون 15 پرو، 15 پرو میکس، آئی فون 16 سیریز، آئی فون 16e، آئی فون 17e، آئی فون ایئر اور آئی فون 17 سیریز شامل ہیں۔

تاہم iOS 27 مجموعی طور پر کئی پرانے ماڈلز کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ کمپنی کے مطابق یہ اپڈیٹ آئی فون 11 اور اس کے بعد کے ماڈلز پر انسٹال کی جا سکے گی، جبکہ 2018 یا اس سے پہلے کے آئی فونز اس اپڈیٹ سے محروم رہیں گے۔

اس طرح آئی فون 11، 12، 13، 14، 15، 16 اور 17 سیریز کے صارفین اس نئے آپریٹنگ سسٹم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اسی طرح آئی فون SE (سیکنڈ جنریشن اور اس کے بعد کے ماڈلز) میں بھی iOS 27 اپڈیٹ دستیاب ہوگا۔
 

مزیدخبریں