پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا ملک گیر ترقیاتی منصوبہ، ضلعی فٹ بال کو نئی زندگی ملنے کی امید

11:56 PM, 9 Jun, 2026

لاہور: پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے طویل عرصے بعد ملک بھر میں فٹ بال کے فروغ اور ضلعی، علاقائی و صوبائی سطح پر کھیل کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع ملک گیر منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ایف ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد کھوکھر اور میڈیا ڈائریکٹر امید وسیم نے بتایا کہ یہ روڈ میپ چاروں صوبائی فٹ بال ایسوسی ایشنز، علاقائی تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک میں فٹ بال کے نظام کو جدید اور مؤثر خطوط پر استوار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے مقامی ڈھانچے کے تحت پی ایف ایف صوبائی اور علاقائی ایسوسی ایشنز کو پیشہ ور جنرل سیکرٹریز کی تقرری میں معاونت فراہم کرے گا، جبکہ ضلعی سطح پر فٹ بال سرگرمیوں کو منظم اور فعال بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے بھی اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ منصوبے میں ضلعی فٹ بال چیمپئن شپس، یوتھ مقابلے، بہتر انتظامی نظام اور گراس روٹس سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے متعدد پروگرام شامل ہیں۔

اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں صوبائی اور علاقائی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جن میں محمد اعظم خان، نوید اسلم لودھی، انیق احمد لودھی، جمیل احمد سدپارہ، شیخ احمد ریحان اور امتیاز شامل تھے۔

پی ایف ایف حکام کے مطابق ضلعی فٹ بال چیمپئن شپس مستقبل میں قومی سطح کے ترقیاتی نظام کی بنیاد ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط قومی ٹیموں کی تشکیل کے لیے ضلعی سطح پر مضبوط اور فعال ڈھانچہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں عالمی معیار کے فٹبالرز تیار کرنے ہیں تو نچلی سطح پر باقاعدہ اور منظم مقابلوں کا انعقاد ضروری ہے۔ یہ چیمپئن شپس نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، مقامی فٹ بال کے استحکام اور کھلاڑیوں کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

پی ایف ایف کے مطابق منصوبے کے تحت ملک بھر میں ضلعی فٹ بال چیمپئن شپس کا انعقاد کیا جائے گا، جس سے آئینی طور پر رجسٹرڈ کلبوں کی نشاندہی اور فرضی کلبوں کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

حکام نے کہا کہ ان مقابلوں کے انعقاد کے لیے پی ایف ایف ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، جبکہ پاکستان فٹ بال ریفریز ایسوسی ایشن (پی ایف آر اے) ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی سہولت کے لیے رجسٹرڈ ریفریز کا جدید اور مکمل ڈیٹا بیس بھی تیار کرے گی۔

مزیدخبریں