'بھارت سے 3 جنگیں ہو چکی ہیں تو ایک اور جنگ بھی لڑ سکتے ہیں'

'بھارت سے 3 جنگیں ہو چکی ہیں تو ایک اور جنگ بھی لڑ سکتے ہیں'
کیپشن: بھارت دہشت گردی سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، فواد چوہدری۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: روسی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعے پر کوئی شواہد نہیں دیئے اور ہم نے بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی جنگ کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جب کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینا جانتے ہیں اور پاک بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور اس مسئلے کو مذاکرات سے حل کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی اور بھارت نے اس کا بھی جواب نہیں دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت دہشت گردی سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور ہم نے خطے میں امن کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ہمارا پہلا آپشن ہے کہ 70 سال میں ہم آپس میں 3 جنگیں لڑ چکے ہیں تو ایک اور جنگ لڑ سکتے ہیں، دوسرا آپشن ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کمزور کرنے کے لیے کام کرتے رہیں جب کہ تیسرا راستہ یہ ہے کہ ہم مل کر بات کریں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پارٹنر بن جائیں۔ ہم بھارت کو تیسرے آپشن کی پیشکش کر رہے ہیں اس کے علاوہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔